آپ کی ویب سائٹ
WhatsApp पर संपर्क करें
تلاش

پاکستانی رنرز سڈنی میراتھن میں ’سیون اسٹار میڈل‘ حاصل کرنے کیلئے پرعزم

admin بتاریخ 2025-08-29 09:50:46
48 مشاہدات
پاکستانی رنرز سڈنی میراتھن میں ’سیون اسٹار میڈل‘ حاصل کرنے کیلئے پرعزم

کراچی: 31 اگست کو ہونے والی سڈنی میراتھن ساتویں ’ایبٹ ورلڈ میراتھن میجر‘ قرار پانے جارہی ہے اور پاکستانی رنرز اس تاریخی موقع پر اپنی کامیابیوں کے ساتھ تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستانی رنرز، جن میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی شامل ہیں، سڈنی میں اپنی ساتویں ایبٹ اسٹار مکمل کریں گے اور دنیا کے صف اول کے ایلیٹ میراتھن رنرز میں جگہ بنا لیں گے۔

ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز کو طویل دوڑ کے سب سے بڑے ایونٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اب تک اس سیریز میں 6 ریسز  بوسٹن، لندن، برلن، شکاگو، نیویارک اور ٹوکیو شامل تھیں تاہم 2025 میں  سڈنی کے باضابطہ طور پر شامل ہونے کے بعد یہ سیریز 7 ریسز پر مشتمل ہوگئی ہے۔ 

جو رنرز ان ساتوں ریسز کو مکمل کرتے ہیں انہیں ’سیون اسٹار میڈل‘ دیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں صرف چند ایتھلیٹس کے پاس ہے۔

ریس میں شامل ایتھلیٹس میں کراچی کے رنر اور کوچ فیصل شفیع بھی شامل ہیں جو اس موقع کو نہ صرف ذاتی سنگ میل بلکہ پاکستان کی مسلح افواج اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔  وہ ایک ہلکے فوجی طرز کے لباس میں تیز ترین میراتھن مکمل کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔

فیصل شفیع نے اس سے قبل بوسٹن میراتھن میں شلوار قمیض پہن کر پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ سڈنی میں ساتواں ایبٹ اسٹار مکمل کرنا پاکستان کی مسلح افواج کو ’دلی خراجِ عقیدت‘ ہوگا۔

اسلام آباد کے رنر بلال احسن سڈنی میں اپنی چھٹی میجر ریس مکمل کریں گے جبکہ کراچی کے 55 سالہ بزنس مین اور میراتھن رنر باچا خان کے لیے یہ ان کی تیسری بڑی ریس ہوگی۔

سڈنی میں پاکستانی رنرز کا دستہ 30 سے زائد ایتھلیٹس پر مشتمل ہوگا جن میں 8 خواتین شامل ہیں۔ ان میں 7 رنرز ڈاکٹر سلمان خان (امریکا)، جمال خان (امریکا)، ہما  رحمان (برطانیہ)، فہد مختار (ملتان)، فیصل شفیع (کراچی)، حامد بٹ (لاہور) اور یسریٰ بخاری (امریکا) وہ پہلے پاکستانی ہوں گے جو ساتوں ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز مکمل کرکے ’سیون اسٹار فنشرز‘ کہلائیں گے۔

تبصرے

تبصرہ کریں